لاہور(این این آئی) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان کی اہلیہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتی ہوں کہ رانا ثنااللہ کے معاملے پر از خود نوٹس لیں،ہم پروڈکشن آرڈر کی بھیک نہیں لیں گے اس پر تھوکتے ہیں۔ کیمپ جیل کے باہر اپنے داما شہریا رکے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نے کہاکہ کل بھی کھانالے کر آئے اور آج بھی لیکن حکام نے کھانا واپس کر دیا،اگر یہ اسی طرح ظلم و ستم کرتے رہے تو جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔رانا ثنااللہ کے معاملے پر وکلا ء ٹیم سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل
ترتیب دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتی ہوں کہ رانا ثنااللہ کے معاملے پر از خود نوٹس لیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نیازی کے کہنے پر رانا صاحب کی تصویر جاری کی گئی۔رانا ثنا اللہ کے داماد شہریار نے کہاکہ یہ لوگ رانا ثنا اللہ کو ابھی جانتے نہیں،یہ لوگ ہمارے جذبات کے ساتھ کھیل رہے ہیں،حکومت نے اب فیصل آباد میں لوگوں کو ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے۔گزشتہ رات ہمارے حلقے کے عہدیداروں کے گھر چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں،کارکنان رانا ثنا اللہ سے پیار کرتے ہیں، وہ کسی سے نہیں ڈرتے ہم کھانا روزانہ لیکر آئیں گے۔