اسلام آباد(آن لائن)پشتون تحفظ موومنٹ کے روپوش رہنماء کی ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ سے انٹیلی جنس ایجنسی کا ایک افسر شہید ہوگیا جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت انٹیلی جنس ایجنسی کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بنوں پولیس کومصدقہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ دہشت گردی کے مقدمہ میں
مطلوب پی ٹی ایم کے رہنماء حنیف پشین نے فہیم پشین نامی شخص کے گھرمیں پناہ لے رکھی ہے، انٹیلی جنس ایجنسی کی مصدقہ اطلاع پر بنوں پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسی کے افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ فہیم پشین کے گھر چھاپہ مارا جونہی ریڈنگ پارٹی کے ارکان فہیم پشین کے گھر کی تلاشی کیلئے اندر داخل ہوئے تو وہاں روپوش ملزم حنیف پشین نے فائرنگ کردی، حنیف پشین کی فائرنگ سے انٹیلی جنس ایجنسی کے حوالدار محسن شہزاد اورحوالدار شاکراعظم کے علاوہ پولیس اہلکاربھی شدید زخمی ہوگئے، حوالدار شاکر اعظم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر شہید ہوگئے جبکہ حوالدار محسن شہزاد اور زخمی پولیس اہلکاروں کوتشویشناک حالت میں فوری طور پر سی ایم ایچ ہسپتال بنوں منتقل کردیا گیا۔چھاپہ مار ٹیم نے ملزم حنیف پشین،سہولت کار فہیم پشین کے علاوہ شاہین نامی دہشتگرد کو گرفتار کرلیا،ملزموں کے قبضہ سے 9ایم ایم پسٹل سمیت دوسرا آتشی اسلحہ بھی برآمد کرتے ہوئے بنوں کے تھانہ ٹاؤن شپ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔