راولپنڈی(اے پی پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور سے ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی سربراہ آمنہ مسعود جنجوعہ نے ملاقات کی ۔ملاقات میں لاپتہ افراد سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ میجر جنرل آصف غفور نے حکومت اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے ان کی سہولت اور مسئلے کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا جس کے لئے جوڈیشل کمیشن دن رات کام کر رہا ہے۔
اس معاملے پر جی ایچ کیو میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہر لاپتا فرد کی گمشدگی کا تعلق ریاست سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ ہمارے دل لاپتہ افراد کے خاندانوں کے ساتھ رہتے ہیں۔اس موقع پر آمنہ مسعودجنجوعہ نے لاپتا افراد کے مسئلہ کو منطقی انجام تک پہنچانے میں ریاست پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اپیل کی کہ متاثرہ خاندان کسی بھی ریاست دشمن طاقت کے آلہ کار نہ بنیں۔