لاہور(این این آئی)منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کے اہل خانہ کے احتجاج کے بعد جیل حکام نے گھر سے لایا گیا کھانا فراہم کرنیکی اجازت دیدی جبکہ اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو پانی میں نشہ آور شے ملا کر دی جارہی ہے جس سے ان کی طبیعت خراب ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رانا ثنا اللہ کی اہلیہ اپنے داماد کے ہمراہ دوپہر کا کھانا لے کر کیمپ جیل پہنچیں تاہم ان سے کھانا وصول کر کے اندر بھجوانے سے انکار کر دیا گیا۔ اہل خانہ کے شدید احتجاج پر کئی گھنٹے بعد
کھانا اندر بھجوانے کی اجازت دیدی گئی۔ رانا ثنااللہ کی اہلیہ اور داماد نے الزام لگایا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو پانی میں نشہ آور شے ملا کر دی جارہی ہے جس سے ان کی طبیعت خراب ہو رہی ہے۔رانا ثنا اللہ دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں لیکن انہیں کسی طرح کی سہولتیں میسر نہیں۔ سپرنٹنڈنٹ کھانا اندر بھجوانے کی اجازت دے سکتا ہے لیکن ہمیں کہا جارہا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ سے لکھوا کر لائیں۔ رانا ثنا اللہ کی اہلیہ نے کہا کہ اگر ان کے شوہر کو کچھ ہوا تو اس کا مقدمہ عمران خان اور جیل حکام کے خلاف درج کراؤں گی۔