اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈسک)اسلام آباد انتظامیہ نے لال مسجد کے خطیب عامر صدیقی کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ سابق خطیب مولانا عبدالعزیز پر مسجد میں داخلے پر تین ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ۔یاد رہے مولانا عبدالعزیز 1998 سے 2004 تک خطیب رہے ، انہیں لال مسجد کے آپریشن کے دوران 2007 میں گرفتار کر لیا گیا تھا ، تاہم بعد ازاں مولانا عبدالغفار کو خطیب اور عامر صدیقی کو عارضی بنیادوں پر نائب خطیب تعینات کیا گیا تھا ۔
2009 میں مولانا غفار نے مولانا عبدالعزیز کی رہائی کے بعد مسجد چھوڑ دی اور بعدازاں مولانا عبدالعزیز نے 2014 میں پابندی لگنے تک منصب سنبھالے رکھا۔ جس کے بعد مولانا عامر صدیقی نماز کی ادائیگی کرواتے رہے اور تین ماہ قبل انہیں مسجد کا خطیب تعینات کیا گیا تھا ۔چند دن پہلے ہی اسلام آباد پولیس نے لال مسجد میں چھاپہ مارکر جامعہ حفصہ کے ترجمان مولانا ادریس سمیت تین افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔