کراچی(این این آئی)پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اور انوکھا واقعہ ہو گیا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی چیمبر سب جیل قرار دے دیا گیا۔ اسپیکرسندھ اسمبلی جیل کے بجائے اسمبلی چیمبرمیں ہی قید کاٹیں گے۔اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نیب کیس میں گرفتارہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ قانون نے سندھ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران اسپیکر آغا سراج درانی کے چیمبر کو سب جیل قرار دینے کی سفارش کی تھی کہ سندھ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران اسپیکر آغا سراج درانی کے چیمبر کو سب جیل قرار
دیا جائے۔محکمہ قانون کے مطابق بجٹ اجلاس طویل ہوں گے جو رات دیر تک ختم ہوں گے اس لیے اسپیکرکو جیل سے لانے اور لے کر جانے میں مسائل درپیش آئیں گے۔ اس لیے اسپیکر کے چیمبر کو سب جیل قرار دیا جائے۔بعدازاں محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کے چیمبرکوسب جیل کا درجہ دیتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیاہے۔سیکرٹری سندھ اسمبلی نے اسمبلی چیمبرکو سب جیل قرار دیئے جانے کی تصدیق کر دی۔ آغاسراج درانی کو جیل سے اسپیکر چیمبر منتقل کر دیا گیا۔