اسلام آباد(نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف 277 نشستیں لے کر سرفہرست ، اے این پی 117 ، جے یو آئی ف نے 116 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ، نواز لیگ نے 98 اور جماعت اسلامی نے 78 نشستیں حاصل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے غیرحتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے ، پشاور ڈویڑن میں تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے ، پشاور ڈویڑن کے تین اضلاع میں 188 نشستوں میں سے 61 پر کامیابی حاصل کی۔ اے این پی پشاور میں 34 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ پشاور کے 26 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مردان ڈویڑن کے دو اضلاع میں اے این پی نے قدم جمائے ور 40 نشستیں جیت لیں۔ مردان میں تحریک انصاف 27 نشستیں حاصل کرسکی۔ کوہاٹ ڈویڑن کے تین اضلاع میں میدان آزاد امیدواروں کے ہاتھ رہا جنہوں نے سب سے زیادہ 27 نشستیں حاصل کیں۔ کوہاٹ ڈویڑن میں تحریک انصاف کے حصے میں 18 اور جے یو آئی ف کے حصے میں 17 نشستیں آئیں۔ مسلم لیگ ن کا گڑھ سمجھے جانے والے ہزارہ ڈویژن کے پانچ اضلاع میں تحریک انصاف نے اپنی برتری ثابت کی اور 73 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ ن 45 نشستیں جیت سکی۔ مالاکنڈ ڈویڑن کے سات اضلاع میں جماعت اسلامی نے 59 نشستوں کے ساتھ حریف جماعتوں پر برتری حاصل کی۔ تحریک انصاف کے حصے میں 58 سیٹیں جبکہ مسلم لیگ ن کو 41 نشستوں پر کامیابی ملی۔ مولانا فضل الرحمان آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان ڈویڑن کے دو اضلاع میں بھی تحریک انصاف نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور 25 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ، ڈی آئی خان ڈویژن میں آزاد امیدواروں نے 17 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ جے یو آئی ف 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کر سکی۔ بنوں ڈویڑن کے دو اضلاع میں جے یو آئی ف 34 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ تحریک انصاف کو 15 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔