کراچی (این این آئی) پاکستان ا سٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس169پوائنٹس اضافے کے بعد 35500کی حد بحال کرتے ہوئے 35572پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز سرمایہ کاروں کی جانب سے سیمنٹ،آئل اینڈ گیس،ٹیلی کام کے سیکٹرز میں نمایاں سرگرمی دیکھی گئی اور اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا،
گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دورا ن کسی بھی موقع پر کے ایس ای100انڈیکس منفی زون میں نہیں گیا،ٹریڈنگ میں تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے کے حجم میں 28ارب روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد مارکیٹ کے سرمائے کا مجموعی حجم 71ارب51کھرب روپے سے زائد کی سطح پر پہنچ گیا،کاوربار حصص بھی 1کروڑ35لاکھ سے زائد حصص کے اضافے سے 16کروڑ حصص سے زائد کی سطح پر رہا،مجموعی طور پر338کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 156کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ 160کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی اور22کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں استحکام دیکھا گیا،کے ایس ای 30انڈیکس90پوائنٹس اضافے سے 16803پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس103پوائنٹس اضافے سے 25939پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئے،نیسلے اور باٹا کے حصص کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جہاں نیسلے کے حصص کی قیمت139.98روپے اضافے سے 7087اور باٹا کے حصص کی قیمت29.90روپے اضافے سے 1342روپے پر بند ہوئی جبکہ کولگیٹ پامولیو کے حصص کی قیمت50روپے کمی سے 2050روپے اور وایئتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت17.23روپے کمی سے 746.17روپے پر بند ہوئی۔