اسلام آباد(آن لائن)سال 2018ء کے دوران پاک امریکا دو طرفہ تجارت 6.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔ امریکا کے جنوبی اور وسط ایشیائی ممالک کے محکمہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے دوران امریکا کی جانب سے پاکستان کو کی جانے والی برآمدات میں 4فیصد کے اضافہ سے برآمدات کا حجم 2.9 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک بڑھ گیا جو کسی بھی سال کے دوران کی جانے والی برآمدات کے مقابلہ میں سب سے زائد رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکہ برآمدات میں اضافہ کے باعث امریکا کے تجارتی خسارہ میں 2 فیصد یعنی 782
ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان امریکا کا 56 واں بڑا شراکتدار ہے جس کی آبادی 200 ملین سے زائد افراد پر مشتمل ہے اور پاکستان میں متوسط طبقہ کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق سال 2018ء کے دوران پاکستان کی جانب سے امریکا کو 3.7 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں اس طرح پاک امریکہ باہمی تجارت پاکستان کے حق میں رہی ہے اور پاکستان نے درآمدات کے مقابلہ میں تقریباً 0.8 ارب ڈالر کی زائد برآمدات کی ہیں ، پاک امریکا باہمی تجارت میں امریکا کو 783 ملین ڈالر کے تجارتی خسارہ کا سامنا رہا ہے۔