اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر سے اضافہ کر دیا گیا۔نیپرا نے بجلی فی یونٹ ایک روپے 49پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بجلی مہنگی کرنے کی منظوری گھریلو،کمرشل،صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے کی گئی۔
اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی ایم ایف سے طے ہونے والے معاہدے کے بعد مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سیبجلی کے نرخ بڑھانے کی حامی بھرلی ہے جس کے تحت بجلی کے نرخ 2 روپے 60 پیسے فی یونٹ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ بجلی کے نرخ 2 قسطوں میں بڑھائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں نرخ یکم جولائی سے ایک روپے 30 پیسے بڑھنے کا امکان ہے جبکہ دوسرے مرحلے میںبجلی کے فی یونٹ نرخ یکم ستمبر سے ایک روپے 30 پیسے بڑھنے کا امکان ہے۔حکومتی اقدام سے قومی خزانے پر سبسڈی کی مد میں دیئے جانے والے 200 ارب روپے کا بوجھ کم ہوگا۔ نئے ٹریف میں فی یونٹ 12.98 پیسے سے 15.58 پر آجائے گا، حکومت نے آئی ایم ایف کو سرکولر ڈیٹ کم کرنے کی بھی یقین دہانی بھی کروائی ہے، حکومت لائن لاسز، چوری، ڈسٹری بیوشن کو بھی بہتر بنائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل کے مہینے میں بجلی کی قیمتوں میں 81 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا تھا۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانا فیول ایڈ جسمنٹ کی مد میں کیا گیاتھا۔ اس اضافے سے بجلی صارفین پر 5 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔اس سے قبل 20فروری کو بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ 80پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔۔بجلی کی قیمتوں میں یہ اضافہ جنوری کی فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا جس سے صارفین پر 13ارب 50کروڑ کا اضافی بوجھ پڑا۔