اسلام آباد(این این آئی)عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 51 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے قرض کی منظوری دیدی ۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق قرض ٹیکس وصولیاں بڑھانے کے دو منصوبوں کیلئے فراہم کیا گیا ہے ،40 کروڑ ڈالر کا ایک منصوبہ ایف بی آر کو
ٹیکس محاصل بڑھانے میں معاونت فراہم کرے گا ۔اعلامیہ کے مابق منصوبے کے تحت ٹیکس نظام کو سادہ بنایا جائیگا،ٹیکس اور کسٹم انتظامیہ کے استعدادکار کو ٹیکنالوجی اور فنی مہارت سے بہتر بنایا جائیگا۔ اعلامیہ کے مطابق ایف بی آر ڈیجیٹلائزیشن سے ٹیکس دہندہ کی معلومات کو زیادہ ٹیکس وصولیاں کیلئے استعمال کر سکے گا۔ اعلامیہ کے مطابق منصوبے کے تحت پاکستان کی ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو آئندہ پانچ سالوں میں 17 فیصد پر لایا جائیگا۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ ملک کے 12 لاکھ ٹیکس دہندہ کی تعداد کو 35 لاکھ تک بڑھایا جائیگا،11 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کے دوسرے قرض سیخیبر پختونخواہ میں ٹیکس وصولیاں کے منصوبے کا آغاز کیا جائیگا ۔اعلامیہ کے مطابق صوبے کو اپنے محصولات میں اضافہ کرنے سے اپنے اخراجات کو پورا کرنے میں آسانی ہو گی ۔وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد عالمی بینک سے قرض ملنے کی راہ ہموار ہوئی ۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے بھی جلد منصوبوں کیلئے قرض فراہم کیا جائیگا۔