اسلام آباد (نیوز ڈیسک) انٹرنیشنل سکھ کمیونٹی نے پاکستان میں 500 ملین پاؤنڈ سے زائد کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا، واضح رہے کہ یہ رقم 95 ارب سے زائد بنتی ہے، انٹرنیشنل سکھ کمیونٹی برطانیہ کے وفد نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری سے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نے سکھ کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں پیٹرورڈی فاؤنڈیشن کے چیئرمین
پیٹرورڈی نے کہا کہ دیگر کاروباری افراد کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لیے 500 ملین پاؤنڈ اکٹھے کیے گئے۔ اس ملاقات میں کرتارپور راہداری پر بھی بات چیت کی گئی، انٹرنیشنل سکھ کمیونٹی کے نمائندوں نے پاکستان کی حکومت کو کرتار پور راہداری کے قیام کے عمل پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر سکھ کمیونٹی نے عمران خان کا کرتار پور راہداری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جو قدم اٹھایا ہے وہ ہم رہتی دنیا تک سنہری حروف میں لکھیں گے۔