آگرہ(این این آئی) بھارت میں آگرہ کی عدالت میں بار کونسل کی خاتون صدر درویش یادیو کو اْن کے ساتھی وکیل نے گولیاں مار کر قتل کر کے خود کو بھی گولی مارلی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے بار کونسل کی پہلی خاتون صدر 38 سالہ درویش یادیو کو ان کے ساتھی وکیل منیش شرما نے گولی مار کر قتل کردیا، منیش شرما نے خود کو بھی گولی مار لی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے۔خاتون وکیل درویش یادیو دو روز قبل ہی بار کونسل کی چیئرپرسن منتخب ہوئی تھیں اور
اپنے پہلے دورے پرعلی گڑھ عدالت پہنچی تھیں جہاں اپنے اعزاز میں ایک تقریب میں شرکت کی جس کے فوری بعد اْن کے ساتھی وکیل نے انہیں گولیاں مار کر قتل کردیا۔وکیل منیش شرما کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جب کہ پولیس نے آلہ قتل لائسنس یافتہ پستول کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ۔واضح رہے کہ بار کونسل کی چیئرپرسن درویش یادیو نے 2004 میں منیش شرما کے ساتھ وکالت کا آغاز کیا تھا اور دونوں ایک ہی دفتر میں بیٹھتے تھے۔