اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی سے متعلق اپیلوں پر سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی نے شہباز شریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی سے متعلق اپیلوں کی سماعت کرنے سے معذرت کرلی،جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے قومی احتساب بیورو(نیب )کی جانب سے دائر اپیلوں پر سماعت کی
تو اس موقع پر جسٹس یحیٰ آفریدی نے کہا کہ فواد حسن فواد اْن کے قریبی جاننے والے ہیں اس لیے وہ کیس نہیں سن سکتے۔جسٹس یحییٰ آفریدی کی معذرت کے بعد شہباز شریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی سے متعلق اپیلوں پر سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا۔سپریم کورٹ کے نئے بینچ کی تشکیل کے بعد اپیلوں پر دوبارہ سماعت ہوگی۔واضح رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں لاہور ہائیکورٹ شہباز شریف کی ضمانت منظور کرچکی ہے ،جسے نیب نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔