اسلام آباد (این این آئی)عمران خان صحابہ کرام کے بارے میں گستاخانہ اور غیر محتاط گفتگو پر اللہ رب العزت اور پوری قوم سے اعلانیہ معافی مانگیں،ذمہ دار مناصب پر فائز لوگوں کو مذہبی معاملات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے،عمران خان کی غیر محتاط گفتگو سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی،عمران خان سے سرزد ہونے والی غلطی سے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت ہوگیا کہ
ہمارے نظام تعلیم میں اصلاحات اور بنیادی اسلامی تعلیمات کی شمولیت کی کس قدر ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے غزوہ بدر و احد کے بارے میں گستاخانہ بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اللہ رب العزت سے بھی اور پوری قوم سے اپنی اس غلطی پر اعلانیہ معافی مانگیں اور آئندہ کے لیے دانستہ نادانستہ ایسی کسی غلطی کے نہ دوہرانے کا عزم کریں -وفاق المدارس کے قائدین نے کہا عمران خان کا بیان اسلامی تعلیمات اور تاریخی حقائق کے سراسر منافی ہے جس کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کی دلآزاری ہوء-انہوں نے کہا ذمہ دار مناصب پر فائز لوگوں کوغیر ذمہ دارانہ طرز عمل اور بیانات سے گریز کرنا چاہیے-وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ عمران خان کے اس بیان سے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت ہو گیا کہ ہمارے نظام تعلیم میں کس قدر اصلاحات کی ضرورت ہے انہوں نے کہا آئے روز دینی مدارس کے نظام و نصاب کو تختہ مشق بنانے کے مشورے دینے والے اسکول کالجز اور یونیورسٹیز کے نظام و نصاب میں اصلاحات اور بنیادی دینی احکام اور تاریخی معلومات کو نصاب کا حصہ بنانے کی فکر کریں۔