ملتان (این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ گرفتاریاں اپوزیشن کا کام آسان کر رہی ہیں،ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لئے گرفتاریاں کی جارہی ہیں،سیاستدان گرفتاری سے نہیں ڈرتا، ملین مارچ جولائی کے مہینے میں کوئٹہ اور پشاور میں ہوگا، اس کے بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ منگل کو مدرسہ جامعہ قاسم العلوم ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ لگتا ایسا ہے کہ نیب نے حکومت کے خلاف تحریک شروع کر
دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لئے گرفتاریاں کی جارہی ہیں،سیاستدان گرفتاری سے نہیں ڈرتا۔جے یو آئی سربراہ نے کہاکہ گرفتاریوں سے اپوزیشن کو نہیں ڈرایا جاسکتا،اختر مینگل کو ایک دھکا لگے گا تو وہ اپوزیشن میں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ میٹرو پراجیکٹ نے پشاور کو کھنڈر بنا دیا،بجٹ کئی گنا بڑھادیا،لیکن منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملین مارچ جولائی کے مہینے میں کوئٹہ اور پشاور میں ہوگا، اس کے بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے