بصرہ /ریاض/کویت سٹی (این این آئی)دنیا کے بیشتر ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں تاہم کویت کے شہرمطربہ کو دنیا کا گرم ترین شہر قرار دیا گیا ہے جہاں درجہ حرارت 50.1 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔تین سال قبل مطربہ شہر میں درجہ حرارت 54 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
عراقی شہر بصرہ دنیا کا دوسرا گرم ترین شہر ہے جہاں درجہ حرارت 49.6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مطربہ، بصرہ اور گرد و نواح میں درجہ حرارت مزید بڑھے گا۔ عراقی ریڈیو ’صوت العراق‘ کے مطابق کویتی شہر مطربہ ابھی غیر آباد ہے۔ریاست راجستھان کے شورو شہر میں درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور ہماچل پردیش میں درجہ حرارت 44.9 سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ہماچل پردیش جو معتدل آب و ہوا کے لیے مشہور ہے وہاں بھی درجہ حرارت بڑھا ہے۔پاکستان میں بھی لاہور، فیصل آباد اور کراچی سمیت کئی دیگر شہروں میں بھی پارہ اوپر گیا ہے۔ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر سعودی ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے بتایا ہے کہ شدید گرمی کے باعث سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں سانپ اور بچھو بلوں سے باہر آنے لگے ہیں۔عسیر ریجن میں مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سانپ اور بچھوؤں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔