کراچی (این این آئی)رواں ماہ جون اور آئندہ ماہ جولائی میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ اسٹیٹ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق 8 ماہ میں مہنگائی کی شرح 2.7 فیصد بڑھ گئی ہے اور مہنگائی میں آئندہ دنوں میں اضافے کی شرح ساڑھے چھ فیصد سے ساڑھے سات فیصد رہنے کی توقع ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق معاشی تنگی کے اثرات بڑے پیمانے پر صنعتی تنزلی کا سبب بن رہے ہیں، معاشی سست روی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ لاگت اور طلب کا دبائو
مہنگائی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے جس پر حکومت کو قابو پانے کی ضرورت ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار ہے اور مالیاتی خسارے کی سطح بھی بلند ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی 2018 تا فروری 2019 میں اوسط عمومی مہنگائی بلحاظ صارف اشاریہ قیمت 6.5 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ پچھلے برس کی اسی مدت میں 3.8 فیصد تھی اس طرح 8 ماہ میں مہنگائی کی شرح 2.7 فیصد بڑھ گئی ہے۔