کراچی(آن لائن) روپے کی قدر میں ایک بار پھر کمی دیکھنے میں آئی ہے اور ڈالر کی قدر میں 58 پیسے کا اضافہ ہوگیا۔گزشتہ ہفتے روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آیا تھا تاہم کاروبار کے آغاز میں روپے کی قدر میں ایک بار پھر کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 58 پیسے اضافے کے بعد 148.50 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہوکر 149 روپے میں فروخت ہونے لگا۔دوسری جانب منی مارکیٹ کی طرح حصص بازار میں بھی اچھی خبریں نہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں عید کی طویل تعطیلات سے قبل کاروبار کے آخری روز بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔ کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 549 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جب کہ اختتام پرانڈیکس 469 پوائنٹس کی کمی سے 35505 کی سطح پر آگیا۔دریں اثناء عید سے قبل کرنسی بلیک مارکیٹ کرنے والا گروہ سرگرم۔ نئے نوٹوں کی تلاش میں شہری پریشان۔عیدالفطر کے قریب آتے ہی کرنسی بلیک مارکیٹنگ کرنے والے گروہ بھی سرگرم ہوگئے۔ نئے اور کرارے نوٹوں کی گڈی پر 150 سے 400 روپے اضافی وصول کئے جانے لگے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بچے عید پر نئے نوٹ مانگتے ہیں اسی لئے خریدنا مجبوری ہے۔ کرنسی ٹریڈر کا کہناہے پرائیویٹ ہی نئے نوٹ فروخت کررہے ہیں اورلوگ ہی خرید رہے ہیں۔مارکیٹ میں 10والی گڈی 170، 20 والی 200، 50 والی 300 اور 100 والی 400 روپے اضافے پر فروخت کی جارہی ہے۔