لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز جیتنے پر خوشی ہے ، امید ہے مستقبل میں مزید ٹیمیں پاکستان آئیں گی ، پاک زمبابوے تیسرے ایک روزہ میچ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی وجہ سے شائقین کو پیش آنیوالی مشکلات کےلئے معذرت خواہ ہیں ۔ اتوار کو پاک زمبابوے تیسرے ایک روزہ میچ سے پہلے سٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز پر جیتنے پر خوشی ہے امید ہے کہ آئندہ مزید ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی اور شائقین کرکٹ کا جوش و خروش مزید بڑھائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال سری لنکن ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کررہی لیکن مستقبل میں پاکستان آئے گی ۔ شہریار خان نے کہا کہ پاکستان اور زمبابوے کے مابین تیسرے ایک روزہ میچ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، میچ دیکھنے آنے والے شائقین کو سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کےلئے ان سے معذرت خواہ ہیں ۔