اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان نے جوہری طاقت کو حاصل کرکے ہندوستان کے خوابوں کو چکنا چور کردیا۔نظریہ پاکستان کونسل کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی مخالفت کے لیے پاکستان چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو سبوتاڑ کرنے کے لیے سازشیں شروع کردی گئی ہیں مگر یہ واضح ہے کہ دشمن کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان خطے پر اپنے غلبے کا خواہشمند ہے جس کی اجازت اسے نہیں دی جائے گی۔ان کے بقول اقتصادی خوشحالی اور خودکفالت مضبوط ملکی دفاع کے لیے ضروری ہے۔مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور پورے خطے کا مستقبل پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے جڑا ہوا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف نظریاتی جنگ لڑ رہا ہے جو ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔سرتاج عزیز کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پاک فوج کی جانب سے ہندوستانی خفیہ ادارے ‘را’ کو پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث قرار دیا گیا۔پانچ مئی کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈر کانفرنس میں” پاکستان میں دہشتگردی میں را کے ملوث ہونے کا سنجیدہ نوٹس لیا گیا”۔بعد ازاں سیکرٹری خارجہ اعتزاز احمد چوہدری نے بھی اپنی ایک پریس بریفننگ کے دوران کہا کہ ‘را’ پاکستان بھر میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے جبکہ اس معاملے کو ہندوستان کے ساتھ کئی بار اعلیٰ سطح پر سفارتی ذرائع کے ذریعے اٹھایا جاچکا ہے۔