اسلام آباد(سی پی پی )اسلام آبادہائیکورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی جعلی اکائونٹس کیس میں ایک اور انکوائری میں عبوری ضمانت منظور کرلی ،عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت13 جون تک ملتوی کردی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کی جعلی اکائونٹس کیس میں ایک اور انکوائری میں درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری کی سماعت ہوئی،سابق صدر کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے 23مئی کو طلب کیا ہے جس میں
گرفتاری کا خدشہ ہے ،درخواست میں استدعاکی گئی ہے کہ عدالت نیب کو گرفتاری سے روکے اور عبوری ضمانت منظورکی جائے ۔عدالت نے موقف سننے کے بعد آصف زرداری کی13 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور 5 ،5 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا، عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 13 جون تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ آصف زرداری سات مختلف مقدمات میں پہلے سے عبوری ضمانت پر ہیں ،اب آٹھویں مقدمے میں بھی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔