کراچی(این این آئی)کراچی میں نگلیریا فالری نے ایک اور زندگی کا خاتمہ کردیا ہے، محکمہ صحت کے مطابق رواں سال کراچی میں نگلیریا فائولری سے تین اموات ہوچکی ہیں۔تفصیلات کے مطابق 34 سالہ شعیب لیاقت آباد کا رہائشی اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھا،رواں سال سندھ میں نگلیریا سے اموات کی تعداد تین ہوگئی اس سے قبل کھارادر کا 44 سالہ رہائشی رشید شاہ نگلیریا سے جاں بحق ہوگیا تھا۔
جبکہ سال کا پہلا کیس اورنگی ٹائون سے سامنے آیا تھا جہاں 21 سالہ نوجوان انس اسلم خطرناک امیبا کی انفیکشن کے نتیجے میں چل بسا تھا۔سندھ حکومت کی نگلیریا فاولری مانیٹرنگ کمیٹی کے فوکل پرسن ڈاکٹر ظفر مہدی کا کہنا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے پانی میں کلورین نہیں ملائی جارہی جس کی وجہ سے پانی میں خطرناک بیکٹیریا اور نگلیریا فاولری کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔