پشاور (نیوزاڈیسک) خیبر پختونخوا میں 10 سال کے طویل وقفے کے بعد بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے۔ صوبے کے 24 اضلاع میں 978 وارڈز کے لیے انتخابی دنگل ہوا۔ اب تک 210 وارڈز کے غیرحتمی اور غیررسمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 67 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ اے این پی نے 30، جے یو آئی ف نے 25، مسلم لیگ ن نے 24 اور جماعت اسلامی نے 20 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ پیپلز پارٹی اور قومی وطن پارٹی چار، چار نشستیں اپنے نام کر سکیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کو ایک بھی سیٹ نہ مل سکی۔ عوامی جمہوری اتحاد پاکستان نے 2 سیٹیں حاصل کیں جبکہ 32 نشستیں ا زاد امیدواروں کے حصے میں آئیں۔ ضلع بونیر کے 29 وارڈز میں سے 22 کے نتائج سامنے آگئے ہیں۔ جس کے مطابق پی ٹی آئی 7 سیٹوں کے ساتھ سرفہرست ہے ، جماعت اسلامی کے حصے میں پانچ اور اے این پی نے چار نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔ ضلع شانگلہ کی 28 نشستوں کے انتخابی معرکے میں مسلم لیگ ن 5 سیٹوں کے ساتھ حریفوں سے آگے ہے۔ ضلع مردان میں عوامی نیشنل پارٹی کو 8 سیٹوں کے ساتھ برتری حاصل ہے۔ اپر دیر کی 32 نشستوں سے 10 سیٹوں پر جماعت اسلامی سب سے آگے ہے۔