کراچی (نیوزڈیسک)کھانے کے بعد سستی اور غنودگی محسوس ہونا ایک عام بات ہے اور اکثر لوگ اسے صحت کی کمزوری یا کوئی بیماری سمجھ بیٹھتے ہیں لیکن سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کھانے کے بعد نیند کی کیفیت محسوس ہونے کی وجہ جسم میں خارج ہونے والے کچھ کیمیکل ہیں جو کہ دماغ کے ان حصوں کو سرگرم کردیتے ہیں جو سستی اور تھکاوٹ کی کیفیات کو کنٹرول کرتے ہیں۔اگرچہ کام کے وقت غنودگی کا احساس ہمیں اچھا محسوس نہیں ہوتا لیکن یہ ہمارے نظام انہظام کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے کیونکہ یہ نظام سستی اور غنودگی کی حالت میں بہتر کام کرسکتا ہے۔ جب ہاضمے کا عمل جاری ہوتا ہے تو دماغ باقی جسم کو سست کردیتا ہے تاکہ نظام انہظام کو بھرپور توانائی فراہم کی جاسکے اور اس کا عمل بہتر اور تیز ہوجائے، یوں یہ کیفیت کھانے کے انہضام کے عمل کو بہتر کرنے کے قدرتی عمل کا اہم حصہ ہے