لاہور( این این آئی ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لیبارٹری ٹیسٹ میں فیل ہونے والے برانڈز کا 27 ہزار کلو فروزن چکن تلف کر دیا ،فیل ہونے والے برانڈز کا چکن مارکیٹ سے اٹھوا کر پیمکو بھٹی میں تلف کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر)محمد عثمان نے بتایا کہ گزشتہ ماہ تمام فروزن فوڈ برانڈز کے نمونے لیے گئے تھے۔ لیبارٹری تجزیے میں فیل ہونے والی کمپنیوں کا مال فیکٹریوں اور مارکیٹ سے اٹھوایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ کمپنیوں نے احساس ذمہ داری کے تحت اپنا مال خود مارکیٹ سے اٹھا کر حوالے کیا اورفیل ہونے والا تمام مال تلف کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیل ہونے والی کمپنیوں کے نقائص کی درستگی کروائی جا چکی ہے۔فروزن فوڈز کا آئندہ لیبارٹری تجزیہ جون میں کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریڑھی بان ہو یا ملٹی نیشنل کمپنی صرف معیاری خوراک ہی فروخت کرنے کی اجازت ہے۔