لاہور(این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے رواں سال ستمبر میں منعقدہونے والی عالمی نمائش کی تیاریوں اور حکومتی معاونت حاصل کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدیں، غیر ملکی خریداروں کو مدعو کرنے کیلئے باضابطہ رابطوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ۔
26سے 28ستمبر تک لاہور میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش کی تیاریوں کاجائزہ لینے کیلئے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک ، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان ، میجر (ر) اختر نذیر ،سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اجلاس کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے ماضی کی طرح امسال بھی کارپٹ کی عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی جس سے ہماری برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا۔شرکاء نے ڈائریکٹر جنرل میاں ریا ض احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوںنے ہمیشہ برآمدات کے فروغ کے لئے کی جانے والی سر گرمیوں میں تعاون فراہم کیا ہے اوراس سلسلہ میں ایسوسی ایشن کا وفد سینئر ممبر ریاض احمد کی سربراہی میں جلد ان سے ملاقات بھی کر ے گا ۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ انڈسٹری کے موجودہ حالات میں ہم نے نمائش کی کامیابی کو چیلنج کے طو رپر لینا ہے اور بھارت کی جانب سے ممکنہ طور پر نمائش کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کی تشہیر کیلئے بیرون ممالک سفارتخانوں کو کردار سونپے اور اس کیلئے ہم سی ڈیز پر اور پرنٹڈمواد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں جنہیں سفارتخانوں میں ڈسپلے کیا جائے اور مقامی خریداروں کو سفارتخانے مدعو کر کے انہیں اس پر بریفنگ دی جائے ۔ اجلاس میں تمام مینو فیکچررز اور ایکسپورٹرز پر زور دیا گیا کہ وہ نمائش میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور کارپٹ کی بہترین سے بہترین مصنوعات ڈسپلے کریں جس سے غیر ملکی خریداروں کو راغب کیا جا سکے ۔