اسلام آباد (نیوز ڈیسک )سائنسدانوں نے آگ سے آگ بجھانے کی مصداق جلد کے کینسر میں مبتلا افراد کا خارش کے وائرس سے علاج ڈھونڈ نکالا ہے۔ماہرین اس طریقہ علاج کو ”وائروتھراپی“ کہتے ہیں جس میں ایک بیماری سے دوسرے بڑے مرض کا علاج کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق کامیاب تجربات کے بعد آئندہ سال یہ دوا عام دستیاب ہوگی جسے T-VEC کا نام دیا گیا ہے اور اس سے کینسر کو جلد سے بدن کے اندر پھیلنے سے قبل ہی ختم کرنا ممکن ہوگا۔ برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرو تھراپی کو پہلی مرتبہ انسانوں پر آزمایا گیا ہے جس سے اس طریقہ علاج کی افادیت ثاہت ہوئی ہے۔ماہرین نے اس تجربے کے لیے 400 ایسے مریضوں کو اکٹھا کیا جو جلد کے شدید سرطان میں مبتلا تھے اور ان پر دوا آزمائی گئی اور دوران تجربات ہر 4 میں سے ایک مریض پر دوا نے انتہائی مثبت اثردکھایا جس کے بعد 16 فیصد مریضوں میں 6 ماہ بعد بھی کینسر کا مرض اپنے اختتام کو پہنچا جب کہ 10 فیصد مریضوں میں اس کا نام و نشان ہی مٹ گیا۔ ماہرین کا کہنا ہےکہ اگر اس علاج کے ذریعے 5 سال بعد بھی کینسر پیدا نہیں ہوتا تو اسے باقاعدہ ایک اکسیرعلاج کا درجہ حاصل ہوجائے گا۔