کراچی(این این آئی)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گذشتہ ہفتے کے دوران کاروبار حصص بدترین مندی کی لپیٹ میں رہا، کے ایس ای 100انڈیکس میں 1000پوائنٹس کی کمی جبکہ سرمایہ کاروں کے 1کھرب57ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران زبردست مندی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای100انڈیکس1ہزار پوائنٹس گھٹ کیا جس کی وجہ سے مجموعی انڈیکس37ہزار کی نفسیاتی حد سے گر گیا اور36100پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا
جبکہ مندی کے اثرات غالب رہنے سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 157ارب روپے ڈوب گئے۔کاروبار کے لحاظ سے پاک انٹر نیشنل بلک،پاک الیکٹرون،بینک آف پنجاب،فوجی سیمنٹ،میپل لیف سیمنٹ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ،لوٹے کیمیکل،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ، فیصل بینک،مغل آئرن،پی آئی اے،ورلڈ کال ٹیلی کام،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ،فوفی فرٹیلائزر بن قاسم،کریسنٹ اسٹیل اور سوئی نادرن گیس لمیٹڈ سر فہرست رہے۔شیئرز مارکیٹ میں یکم مئی کی سرکاری تعطیل کے باعث گذشتہ ہفتے 4کاروباری دنوں تک محدود رہنے کیساتھ مسلسل مندی کی زد میں بھی دیکھی گئی۔ ماہرین اسٹاک کے مطابق سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال،معاشی اعداد و شمار میں افراط زر کی شرح میں اضافے کی نشاندہی، قرض کیلئے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستانی معیشت کو طابع کرنے جیسی خبروں نے سرمایہ کاروں کو مارکیٹ سے دور رکھا اور انہوں نے نہ صرف نئی سرمایہ کاری سے گریز کیا بلکہ سرمائے کے انخلا کو بھی ترجیح دی جس کی وجہ سے گذشتہ ہفتے کے چاروں دن مارکیٹ مسلسل مندی کا شکار رہی۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کے ایس ای100انڈیکس میں 1007.68پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس 37130.63پوائنٹس سے گھٹ کر 36122.95پوائنٹس ہو گیا۔سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب 28ارب63کروڑ 62 لاکھ3ہزار 290روپے سے کم ہو کر 73کھرب 71 ارب 61کروڑ 84 لاکھ53 ہزار 231روپے رہ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 6ار روپے مالیت کے 17کروڑ 74لاکھ 55 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم2ارب روپے مالیت کے 6کروڑ 43لاکھ35 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔