اسلام آباد(نیوزڈیسک) مستونگ میں مسلح افراد نے 2 مسافر بسوں سے 35 افراد کو اغواءکرلیا ، پولیس اور لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ، لیویز اور اغواءکاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیںجبکہ بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ واقعہ میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں تاہم اس کی تصدیق نہ ہوسکی ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو تمام مسافروں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔ جمعہ کی شب دو مسافر بسیں کوئٹہ سے کراچی جارہی تھیں کہ جب وہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے مقام پر پہنچیں تووہاں پر موجود مسلح افراد نے بسوں کو روک لیا اور ان میں سے 35 افراد کو اغواءکرکے اپنے ساتھ لے گئے جنکی فوری اطلاع ملنے پر لیویز اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اوراس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیااس دوران لیویز اہلکاورں اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا ، بعض ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں بسوں میں 70 سے زائد افراد سوار تھے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے متعلقہ حکام کو تمام مسافروں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی جبکہ وزیراعظم نے بسوں سے مسافروں کو اغواءکرنے کے واقع پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام مسافروں کی بحفاظت بازیابی کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ بعض اطلاعات کے مطابق فائرن گے تبادلے میں 15 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔