لاہور ( این این آئی) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھاری (اوگرا ) کی چیئرپرسن کی طرف سے گیس کی قیمتوں میں75سے80فیصد اضافہ کے عندیہ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں80فیصد تک اضافہ سے
صنعتی شعبہ بری طرح متاثر ہوگا کیونکہ اکثر انڈسٹریز میں گیس کا استعمال ہورہا ہے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء مہنگی اور مہنگی اشیاء کے باعث ملکی برآمدات کمی کا شکار ہونگی اور تجارتی خسارہ میں اضافہ سے حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر کمی کا شکار ہونگے اور حکومت کو مزید قرضوں کی ضرور ت پڑے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے معاشی ترقی کی رفتار میں کمی اور ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوگا ۔گیس مہنگی کرنے کی بجائے اس کی چوری روکی جائے تو گیس کمپنیوں کو اربوں روپے کی بچت ہوگی اور انکے خسارہ میں کمی ہوگی جس سے گیس مہنگی کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ صنعتی ترقی کیلئے گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ کو مسترد کردیں کیونکہ ملکی معیشت اور صنعتی شعبہ کیلئے زہر قاتل کی حیثیت رکھتا ہے ۔