اسلام آباد(نیوزڈیسک) جوڈیشل انکوائری کمیشن نے فارم 15 کے حصول اور طریقہ کار سے متعلق تھیلے کھولنے کی اجازت دیدی ‘ فارم 15 کے حصول کیلئے ضلع کے ڈسٹرکٹ جج کی خدمات حاصل کی جائیں گی‘ فارم 15 کے حصول کیلئے صرف خاکی اور نیلے رنگ کے تھیلے کھولے جائیں گے۔ بدھ کو جوڈیشل انکوائری کمیشن نے فارم 15 کے حصول سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق فارم 15 کے حصول او رطریقہ کار سے متعلق تھیلے کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ فارم 15 کے حصول کیلئے ڈسٹرکٹ جج صاحبان کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ملک سے ایک ضلع والے حلقے میں سینئر ڈسٹرکٹ جج کی نگرانی میں کام ہو گا جس کی معاونت کیلئے الیکشن کمیشن کے ضلعی حکام موجود ہوں گے۔ فیصلے کے مطابق خاکی ‘ سفید اور نیلے رنگ کے بیگ ہی کھولے جائیں گے اس کے علاوہ انتخابی مواد کو نہیں چھیڑا جائیگا اور ہر حلقے کے فارم 15 کا الگ پیکٹ بنا کر کمیشن کو بھجوایا جائیگا اور اگر کسی پولنگ اسٹیشن پر فارم 15 غائب ہوا یا بیگ کھلا ہو گا تو اس کی رپورٹ دی جائے گی۔ فیصلے کے مطابق قبائلی علاقے میں پولیٹیکل ایجنٹ کی موجودگی میں تھیلے کھولے جائیں گے اور یہ فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے طے پایا ہے۔