استنبول (این این آئی)بین الاقوامی علماء اتحاد نے عالم اسلام سے نصرت الاقصیٰ اور محصورین غزہ کی حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔استنبول میں علماء اتحاد کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچنا مسجد حرام اور مسجد نبوی کو
نقصان پہنچنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور مسجد حرام دونوں بھائی ہیں۔ ایک کی خوشی دوسرے کی خوشی اور ایک کا غم دوسرے کا غم ہے۔انہوں نے دفاع قبلہ اول کے حوالے سے عالم اسلام کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو قبلہ اول کے دفاع کیلئے مالی، قولی اور عملی جہاد کا سلسلہ جاری رکھیں۔ مسلم دنیا میں نصرت مسجد اقصیٰ کیلئے سوشل میڈیا اور مرکزی دھارے کے ذرائع ابلاغ میں موثر مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ عالم اسلام میں دفاع قبلہ اول کےئے عوام کو سڑکوں پر آنے اور مظاہرے کرنا ہوں گے۔عالمی علماء اتحاد نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے حوالے سے مسلم دنیا کی کمزوریوں سے صہیونی دشمن نے فائدہ اٹھایا۔ مسجد اقصیٰ کے بعد صہیونیوں کے مسجد حرام کے حوالے سے مذموم عزائم بھی اب دنیا سے ڈھکے چھپے نہیں۔بیان میں عالم اسلام کی مساجد کے آئمہ اور خطباء پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے جمعہ کے خطبات اور بیانات میں القدس اور مسجد اقصیٰ کے حوالے سے آواز بلند کریں اور ساتھ ہی ساتھ غزہ کے محصورین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں۔