ریاض (سی پی پی )سعودی عرب میں پہلی دفعہ ایک ایسے جدید اور تیز رفتارذریعہ سفر کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس سے نہ صرف یہ کہ گھنٹوں کی طویل مسافت منٹوں میں طے ہو سکے گی بلکہ اس کا کرایہ جہاز سے بھی کم ہوگا۔ آ ئندہ برس سے سعودی عرب میں بسنے والے لوگ ہائپر لوپ سے سفر کرنے لگیں گے جس سے ریاض اور جدہ کاسفر زیادہ سے زیادہ 50منٹ میں طے ہوسکے گا جبکہ ریاض سے تفریحی شہر القدیہ جانے میں صرف 7منٹ لگیں گے۔
ہائپر لوپ کے ٹکٹ کے نرخ بسوں اور ٹرینوں جتنے ہوںگے۔یہ ہوائی جہازوں سے سستے ہونگے۔اس نظام میں ریل کی بوگی پٹری پر دوڑنے کے بجائے ایک ٹیوب میں سفر کرے گی۔ بوگی یا کیپسول پریشرائزڈ ہوا کے دوش پر سفر کرتی ہے یعنی کیپسول اور ٹیوب میں کسی قسم کی رگڑ پیدا نہیں ہوتی ۔ ٹیوب میں ہوا کا دبائوقدرتی دبائو سے کم رکھا جاتا ہے تاکہ کیپسول کو ہوا کے دبائو سے پیدا ہونے والی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے اور کیپسول تیز رفتاری سے سفر کر سکے۔