ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے ملک میں ہیلی کاپٹروں کی پہلی کمرشل کمپنی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ملکی سطح پر کمرشل ہیلی کاپٹروں کی پہلی مقامی آپریٹنگ کمپنی ہو گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذکورہ کمپنی مملکت کے مرکزی شہروں میں فضائی ٹرانسپورٹ کی نجی سروس فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے تمام علاقوں میں مختلف سیاحتی مقامات کے لیے سفر کی خدمات بھی مہیا کرے گی۔ہیلی کاپٹر کمپنی کا قیام 56.5 کروڑ ریال کے ابتدائی
سرمائے سے عمل میں لایا گیا ہے۔ اس کا مقصد مملکت میں پرتعیش سیاحتی خدمات اور فضائی ٹرانسپورٹ کی خدمات کے شعبے میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے۔یہ اقدام سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد نئے سیکٹروں کو متعارف کرانا اور اس کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ علاوہ ازیں مملکت کے ویڑن 2030 پروگرام کی تکمیل کے لیے جاری کوششوں کو سپورٹ بھی کرنا ہے۔ اس واسطے مملکت میں سیاحت کے سیکٹر میں بھرپور طور پر کام کیا جا رہا ہے۔