صنعاء(این این آئی)برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے خبردار کیا ہے کہ فریقین نے وعدوں پر عمل نہ کیا تو یمن میں قیام امن کا معاہدہ چند ہفتوں میں ختم ہو سکتا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جیریمی ہنٹ نے یہ بات یمن کے دورے کے دوران کہی۔ اسٹاک ہوم میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق متحارب فریقوں نے سات جنوری تک یمنی بندرگاہی شہر حدیدہ سے
فوجیں ہٹا دینا تھیں۔ حدیدہ کے ذریعے یمن میں خوراک اور امدادی سامان پہنچایا جانا تھا۔ ہنٹ نے خبردار کیا کہ اگر دونوں جانب سے اسٹاک ہوم معاہدے پر سختی سے عمل درآمد نہ کیا گیا تو آئندہ چند ہفتوں میں یہ معاہدہ ختم ہوجائے گا۔ حدیدہ سے فوجیوں کی واپسی کے بعد قیام امن سے متعلق مزید مذاکرات کیے جانا تھے تاہم اب تک مذاکراتی عمل میں مزید پیش رفت نہیں ہو پائی۔