لاہور ( این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی سے پاکستان نے بھارت سے اخلاقی جنگ جیت لی ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کر دیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے رکن قومی اسبملی ریاض فتیانہ اور رکن پنجاب اسمبلی حامد یار ہراج نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا عالمی برادری نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔موجودہ صورتحال میں
سیاسی جماعتیں ہم آواز اور متحد ہیں،ملکی سا لمیت اور وطن کے دفاع کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،مادر وطن کے وقار ، سلامتی اور خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمرا ن خان نے امن کیلئے جرات مندانہ اقدامات کر کے دنیا کو مثبت پیغام دیا ہے،پاکستان امن کا خواہاں ہے اور امن کی ہی جیت ہو گی ۔بھارت کے جھوٹ کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹ گیا ہے، بھارتی قیادت شکست کی خفت کا شکار ہو چکی ہے،سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی پاکستان کی پوری قوم کا فخر ہے۔