اسلام آباد(نیوز ڈیسک)شانگلہ سے الپوری جانے والی مسافر گاڑی تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گرنے سے 12 افراد زخمی ہو گئے’ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شانگلہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز مسافر سے بھری پک اپ شانگلہ سے الپوری جا رہی تھی کہ سفر کے آغاز ہی میں شانگلہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس سے پک اپ میں موجود 18 افراد میں سے 12 افراد زخمی ہو گئے واقعہ کے بعد مقامی افراد اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت مختلف گاڑیوں میں زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ پولیس کے مطابق پک اپ میں 18 مسافر سوار تھے جن میں 12 افراد زخمی ہوئے پک اپ گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر حادثہ کا شکار ہو گئی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ابتدائی طور پر 12 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایا گیا ہے۔ زخمیوں میں 2 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا جائے گا۔