لاہور(این این آئی)اسٹیج کی معروف اداکارہ ماہ نورنے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک عرصہ سے بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کئے ہوئے ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ماہ نورنے یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے
حصول کیلئے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتی ہوں۔ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام نے اپنے لہو سے آزادی کی تحریک کو نئی جلا بخشی ہے۔ اداکارہ کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی جبر وتشدوکے ذریعے زیادہ دیر تک کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ بھارت کا غاصبانہ قبضہ کے ذریعے کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔