ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاؤلہ نے کہا ہے کہ اْمید ہے کہ شائقین مجھے آج بھی کھلے دل سے قبول کریں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جوہی چاؤلہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اداکاری ہی ہے جسے میں اچھی طرح کرسکتی ہوں مجھے نہیں پتا کہ میں اور کچھ بھی کر پاؤں گی کہ نہیں، اصل بات تو یہ ہے کہ میں خوش اخلاقی کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ ہوں اور جب جب موقع ملے گا میں اسکرین پر ضرور آؤں گی۔سابق مس انڈیا نے یہ بھی کہا کہ میں فلم میکرز کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے
فلم میں کام کرنے کا موقع دیا لیکن میں اس حوالے سے کوئی سوال یا کوئی تجزیہ کرنا نہیں چاہوں گی، مجھے اْمید ہے کہ شائقین مجھے آج بھی کھلے دل سے قبول کریں گے۔واضح رہے کہ تین دہائیوں سے بالی ووڈ پر راج کرنے والی جوہی چاؤلہ نے فنی کیریئر میں ’قیامت سے قیامت تک‘، ’ہم ہیں راہی پیار کے‘، ’ڈر‘ اور ’دراڑ‘ جیسی کئی سپرہٹ فلموں میں کام کیا اور بہت سے نامور ایوارڈ اپنے نام کیے جبکہ اداکارہ رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم’ ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘‘ میں انیل کپور کی اہلیہ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔