لاہور( این این آئی ) سابق صدر مملکت و مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ممنو ن حسین نے کہا ہے کہ حکمران ملک کو ٹھیک نہیں چلا رہے اور غریب عوام کا کباڑہ کر دیا گیا ہے ،اس وقت ملک کے حالات دگر گوں ہیں اللہ تعالیٰ پاکستان کی حالت پر رحم کرے ، نواز شریف کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے انصاف ملے گا اور وہ جلد جیل سے باہر آئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ممنون حسین نے کہا کہ پورا ملک نواز شریف سے اپنی محبت اورعقیدت کا اظہار کررہا ہے ،ان کی صحت اتنی اچھی نہیں ہے او رانہیں علاج معالجے کی مکمل سہولیات ملنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بطور صدر مملکت دن رات کام کرتا تھا ،تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہت کام کیا ،ریاست کی ترقی کے لیے کام کیا کرتا تھا لیکن کبھی اپنی تصویر بنوائی اور نہ کبھی اپنی تشہیر کی۔موجودہ صدر اپنی تشہیر کرتے ہیں یا نہیں اس کے بارے میں میڈیا والوں کو معلوم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ملک کو ٹھیک نہیں چلا رہے ، آج جتنی مہنگائی ہوئی ہے اس سے پہلے کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی ، انہیں چاہیے کہ سب سے پہلے معیشت کو ٹھیک کریں۔ حکومت نے غریب کا کباڑہ کر دیا ہے اور وہ پریشان ہے ، غریب کیلئے کام کریں اور اسے پریشانی سے باہر نکالیں ،حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں لوگوں بیروز گار ہو گئے ہیں، ملک کے حالات دگر گوں ہیں اللہ تعالیٰ پاکستان کے حال پر رحم کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری تو دعا ہے کہ نواز شریف آج ہی جیل سے باہر آ جائیں لیکن اللہ تعالیٰ کی طرف سے نواز شریف کو انصاف ملے گا اور وہ جلد جیل سے باہر آئیں گے۔