واشنگٹن(این این آئی)امریکی وائیٹ ہاؤس کے مقرب ایک ذریعے نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایک نئی سفارتی مہم جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تحت اپنے یورپی اتحادیوں کو ایرانی فضائی کمپنی پر پابندیاں عاید کرنے پرقائل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکا یورپی ملکوں کو قائل کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ ایرانی فضائی کمپنی جاسوسی، جنگجوؤں کو جنگ زدہ علاقوں بالخصوص شام اور عراق تک پہنچانے کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہے۔واشنگٹن فی بیکن ویب سائیٹ نے
امریکی عہدیداروں کے حوالے سے لکھا کہ ٹرمپ انتظامیہ یہ چاہتی ہے کہ جرمنی اور دوسرے یورپی ممالک ایران کی ماھانا ایئر پر جنگجوؤں کو شام لے جانے میں ملوث ہونے اور بین الاقوامی فضائی قوانین خلاف ورزی پر پابندی عاید کرنے کی مشترکہ قرارداد منظور کریں۔امریکی حکام کی طرف سے جرمنی کی مجوزہ قرارداد کو سفارتی انقلاب اور برلن میں متعین امریکی سفیر رچرڈ گررینبل کی کامیاب سفارت کاری کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں ایران پر پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع ہونے کے امکانات ہیں۔