کراچی (این این آئی)پاکستانی اداکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ میراحسد کرنے و الے لوگوں کو مشورہ ہے کہ وہ دوسروں کے راستے میں رکاوٹ پیدا کرنے کی بجائے اگرخود محنت کریں تووہ بھی کامیاب ہوسکتے ہیں۔ بلاوجہ کسی سے حسد کرنا درست نہیں۔ کامیابی انہی لوگوں کوملتی ہے جو دیانتداری سے کام کرتے ہیں۔ وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں اورملک کانام روشن کرتے ہیں۔شاہدہ منی کا کہنا تھا کہ ’ پرائیڈ آف پرفارمنس‘ ہویا کوئی بھی ایوارڈ اوراعزازیہ آسانی سے نہیں ملتے۔ اس کے
پیچھے بہت عرصہ کی محنت ہوتی ہے اورپھرکہیں کوئی فنکاران اعلیٰ سول ایوارڈز تک پہنچ پاتا ہے۔ میں نے اپنا فنی سفر10برس کی عمر سے شروع کیا۔ پہلی پرفارمنس ایک بنچ پر کھڑے ہوکردی، جس پر ماسٹر صادق نے مجھے دس روپے انعام میں دیئے۔ کہنے کوتو یہ دس روپے تھے لیکن اس کی قدروقیمت صرف وہی جانتے ہیں جن کواتنے مہان لوگ انعام دینے کے قابل سمجھتے ہیں۔ اس لئے صدارتی ایوارڈ تک پہنچنے کا سفرآسان نہیں تھا۔ یہ ایک چلہ ہے اوریہ چلہ کاٹنا پڑتا ہے۔