لاہور( این این آئی)ساہیوال میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ سے مبینہ مقابلے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کو نماز جنازہ کے بعد آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ، نماز جنازہ میں مرنے والوں کے اہل خانہ ، رشتہ داروں، دوست احباب اور اہل علاقہ کی کثیر تعدا دنے شرکت کی ، اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور
نماز جنازہ کے مقام کی جانب آنے والے تمام راستوں کو بند رکھا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے مہر خلیل ، اس کی اہلیہ نبیلہ ، بیٹی اریبہ اور ڈرائیور ذیشان کی نماز جنازہ فیروز پور روڈ پر ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ قبل ازیں جب چار وں کی میتیں نماز جنازہ کیلئے اٹھائی گئیں تو کہرام مچ گیا اور انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ خواتین ایک دوسرے سے لپٹ کر اور دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں ۔چاروں میتیں نماز جنازہ کیلئے فیروز پور روڈ پر لائیں گئیں اور نماز جنازہ میں مرنے والوں کے اہل خانہ ، رشتہ داروں ، دوست احباب اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔نماز جنازہ کی وجہ سے ٹریفک کو بند رکھا گیا جبکہ اس موقع پر پولیس کی جانب سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور درجنوں کی تعداد میں پولیس اہلکار تعینا ت تھے ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ذیشان کو آشیانہ اقبال کے قریب واقع قبرستان جبکہ خلیل ، اس کی اہلیہ نبیلہ اور بیٹی اریبہ کو کاہنہ میں واقع قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔