اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور افغانستان کے درمیان افغانستان میں امن کوششوں کے سلسلے میں رواں ہفتے اسلام آباد میں اہم مذاکرات ہونگے ٗپاکستانی حکام سے مذاکرات کیلئے افغان امن کونسل کے دفتر کے سیکرٹری عمرداؤد زئی (کل)منگل سے پاکستان کا دورہ کرینگے ۔سفارتی اور سرکاری ذرائع نے ’’این این آئی ‘‘ سے بات چیت کے دور ان دورے کی تصدیق کی ہے ۔ افغان وفد پاکستان کے وزارت خارجہ کے حکام کے علاوہ ممکن ہے کہ سکیورٹی حکام سے بھی ملاقاتیں کرے ۔افغان حکومت کا اصرار ہے کہ پاکستان اورخطے کے دیگر ممالک طالبان کو افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات
کیلئے بٹھائیں جبکہ پاکستان کا موقف ہے کہ طالبان کو کابل انتظامیہ کے ساتھ میز پر لانا مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ طالبان افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات سے انکاری ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ پہلے مرحلے میں امریکہ سے براہ راست مذاکرات اس لئے کررہے ہیں تاکہ غیر ملکی افواج کے انخلاء کیلئے ایک نظام الاوقات پر اتفاق کریں ۔ذرائع کے مطابق طالبان کا امریکیوں کے ساتھ مذاکرات کا نیا دور چند دنوں میں قطر میں ہوگا ۔اس سے پہلے پاکستان کی سہولت کاری سے طالبان اور امریکیوں کے درمیان متحدہ عرب امارات میں سترہ اور اٹھارہ دسمبر کو مذاکرات کا ایک دور ہوا تھا ۔