ڈھاکہ (این این آئی)بنگلہ دیش میں انتخابات سے چند روز قبل نواب گنج میں حکمراں جماعت کے مسلح کارکنان نے صحافیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 صحافی زخمی ہوگئے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق رات گئے مسلح افراد نے نواب گنج کے ایک موٹل پر حملہ کیا۔
جہاں مقامی میڈیا سے وابستہ صحافی ٹھہرے ہوئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ مسلح حملہ آوروں نے 16 گاڑیوں کے شیشے توڑے اور حملے کے دوران جگانتر اور جمنا ٹی وی کے 10 صحافی بھی زخمی ہوئے۔ پولیس کو حملے کی اطلاع دی گئی لیکن وہ فوری طور پر جائے وقوع پر نہیں پہنچی۔ادھر ایک بنگالی اخبار کی انتظامیہ نے بتایاکہ ان کے ایک رپورٹر پیر کی شام سے لاپتہ بھی ہیں۔انہوں نے حکمراں جماعت عوامی لیگ پارٹی کے اسٹوڈنٹ اور یوتھ ونگز کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا، جبکہ پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ نامعلوم افراد کی جانب سے کیا گیا۔ضلعی پولیس چیف شفیع الرحمٰن نے بتایا کہ ہم نے صحافیوں کو حملہ آوروں سے بچایا، انہوں نے پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی نہ کرنے کے الزامات کو بھی مسترد کیا۔بنگلہ دیش میں 30 دسمبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل اشتعال انگیزی جاری ہے، اس حوالے سے اپوزیشن کا کہنا تھا کہ ان کے سیکڑوں کارکنان اور درجنوں امیدوار حکمراں جماعت کے کارکنان کی جانب سے کیے گئے حملوں میں زخمی ہوئے ۔اس کے علاوہ اب تک مختلف حملوں میں 6 افراد ہلاک بھی ہوئے جن میں سے 2 کا تعلق حکمراں جماعت سے ہے۔