ریاض (این این آئی)سعودی عرب اور الجزائر نے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے کاوشوں اور باہمی تعاون کو مربوط بنانے کے لیے ایک اعلیٰ کونسل کے قیام کا اعلان کیا ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور الجزائر ی وزیراعظم احمد او یحییٰ اس کونسل کے شریک چیئرمین ہوں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور الجزائری وزیراعظم کے درمیان ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان میں اس
کونسل کے قیام کا اعلان کیا گیا ۔دونوں لیڈروں نے ملاقات میں سعودی عرب اور الجزائر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور انھیں مختلف شعبوں میں فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔انھوں نے خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کے بارے میں بھی بات چیت کی ہے۔نئی سعودی، الجزائری اعلیٰ کونسل دونوں ممالک کے درمیان معیشت ، تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی ، کان کنی ، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے کوششوں کا بھی جائزہ لے گی۔