واشنگٹن(این این آئی) امریکا نے کہا ہے کہ وہ خطے میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تعاون کا خواہاں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اپنے بیان میں کراچی میں چینی قونصلیٹ اور اورکزئی میں دہشت گرد حملوں پر پاکستان کے فوری جواب اور بہادری کی تعریف کی۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی کہ امریکا ان دہشت گردی کے واقعات کا مقابلے کرنے میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
اور وہ خطے میں ان خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکومت کے ساتھ تعاون کے مواقع تلاش کرنے کا عمل جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا ان حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ انتہائی افسوس کا اظہار کرتا ہے اور حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد بحالی چاہتا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ہم پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بھی تعریف کرتے ہیں، جنہوں نے چینی قونصلیٹ پر حملے کا فوری اور بہادری سے جواب دیا اور انسانی جانوں کے مزید نقصان کو روکا۔