کراچی (این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں جبکہ مزید دو ارب ڈالر چند روز میں مل جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق رواں برس 23 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو 12 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دینے پر رضا مند ہوگیا ٗدورے کے دوران پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ الجدان کے درمیان مفاہمت کی
ایک یادداشت پر دستخط کیا گیا جس کے مطابق سعودی عرب نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ایک سال کیلئے ڈپازٹ کریگا جس کا مقصد ادائیگیوں کے توازن کو سہارا دینا ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق ایک ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں آچکے ہیں۔جبکہ مزید دو ارب ڈالر چند روز میں مل جائیں گی اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام آئے گا۔