سٹراسبرگ (آن لائن) یورپین پارلیمنٹ نے آسیہ بی بی کیس کے حوالے سے رواں ہفتے ہونے والی پارلیمانی بحث ملتوی کردی۔ اس بات کا اعلان گزشتہ روز یورپین پارلیمنٹ کے صدر انتو نیو تاجانی نے پارلیمنٹ کے سٹراس برگ میں جاری اجلاس میں فرینڈز آفپاکستان گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر سجاد کریم ایم ای پی کی درخواست پر کیا۔
یورپین پارلیمنٹ کے صدر نے تمام پارلیمانی گروپس کی مشاورت سے اس ہفتے آسیہ بی بی کیس کے حوالے سے ایک ڈیبیٹ رکھی تھی۔پیر کے روز ڈاکٹر سجاد کریم ایم ای پی نے پارلیمنٹ کے سامنے تجویز پیش کی کہ کیونکہ آسیہ بی بی کیس پر پاکستان کی اعلیٰ ترین عدالت اپنا فیصلہ دے چکی ہے۔ لیکن فریق مخالف نے اپنا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے اس کے خلاف اپیل کی ہے۔انہوں نے پارلیمنٹ میں موجود صدر اور تمام موجود ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے درخواست کی کہ پاکستان میں یہ کیس انتہائی اہم اور نازک مرحلے میں ہے۔ اس موقع پر اگر پارلیمنٹ نے اس موضوع پر بحث کو آگے بڑھایا تو ممکن ہے کہ اس کو غلط رنگ پہنایا جائے اور اس کا نقصان آسیہ بی بی کیس کو پہنچے ، اس لیے مناسب ہوگا کہ یہاں پارلیمنٹ میں اس بحث کو ملتوی کردیا جائے اور پارلیمنٹ کے صدر کو یہ اختیار دے دیا جائے کہ وہ اس مسئلے پر خود فیصلہ کرلیں۔اس موقع پر یورپین پارلیمنٹ کے صدر انتو نیو تاجانی نے ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی رکن کو اعتراض نہ ہو تو وہ ڈاکٹر سجاد کریم کی تجویز کو قبول کرتے ہیں تاکہ آسیہ بی بی اور اس کی فیملی کے لئے مزید خطرات میں اضافہ نہ ہو۔بعد ازاں انہوں نے یہ بحث ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔یادرہے کہ ڈاکٹر سجاد کریم آسیہ بی بی کیس کو جلد از جلد منصفانہ طریقے سے حل کرنے کے بڑے داعی رہے ہیں۔۔